اسلام آباد۔وفاقی دارالحکومت میں پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی محترمہ کنول شوذب نے درخت کاٹنے سے منع کرنے پر گریڈ20کی ریٹائرڈ67سالہ بزرگ خاتون کومبینہ طور پر تشددکا نشانہ بنا ڈالا۔
رکن قومی اسمبلی نے بزرگ خاتون کوگالم گلوچ کرتے ہوئے انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔
بزرگ خاتون کے شوہر راجہ عبدالرحمان نے وزیراعظم پاکستان سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے خاتون رکن قومی اسمبلی کے خلاف کارروائی کی اپیل کی۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ شالیمار کے علاقے ایف الیون ٹو کی سٹریٹ33کے مکان نمبر359میں راجہ عبدالرحمان نامی ریٹائرڈ افسر رہائش پذیر ہیں انکی اہلیہ بھی گریڈ 20کی ریٹائرڈ افسر ہیں، جن کے پڑوس میں تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی کنول شوذب رہائش پذیر ہیں۔
23ستمبر دن 12بجے رکن قومی اسمبلی نے اپنی پڑوسن بزرگ خاتون سے درختوں کی کٹائی کے معاملے پر لڑائی جھگڑا کیا،کنول شوذب اپنے گھر سے ملحقہ اراضی کی خوبصورتی کیلئے سالہا سال سے لگے درخت کٹوا رہی تھیں، جس پر پڑوسیوں نے سی ڈی اے کے انوائرمنٹ ونگ اور میئر اسلام آباد کو شکایت کی، جس میں کنول شوذب کو درختوں کی کٹائی سے روکنے کی درخواست کی گئی۔
درخواست دینے پر رکن قومی اسمبلی طیش میں آ گئیں اور اپنے گھر کے سبزہ زار سے پڑوسی کے سبزہ زار میں چھلانگ لگائی اور وہاں موجود 67سالہ بزرگ خاتون کا گلہ دبوچ لیا اور ان پر تھپڑوں اور مکوں کی بارش کر دی اور گالیاں دینا شروع کر دیں اور ان کا موبائل فون چھین کر پھینک دیا اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
بزرگ خاتون کے شوہر راجہ عبدالرحمان کی طرف سے وزیراعظم پاکستان سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نئے پاکستان میں ایک رکن قومی اسمبلی کی طرف سے بزرگ خاتون پر تشدد کرنے اور انہیں گالیاں دینے کے واقعے پر انہیں شدید مایوسی ہوئی ہے۔