پی ٹی ایم کی رکن کلالئی اسماعیل پرغیر قانونی فنڈنگ الزام میں فرد جرم عائد 

پشاور۔سماجی کارکن اور پشتون تحفظ موومنٹ کی رکن گلالئی اسماعیل اور اُنکے والدین کے خلاف غیر قانونی فنڈنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزام میں فرد جرم عائد کردی گئی۔

  عدالت نے گلالئی اسماعیل کو روپوش رہنے اور عدالت میں پیش نہ ہونے پراشتہاری قرار دیتے ہوئے اُنکے دائمی وارنٹ گرفتار ی جاری کردیا ہے۔

گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 1نے غیر قانونی فنڈنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت میں ملوث سماجی کارکن اور پشتون تحفظ موومنٹ کی رکن گلالئی اسماعیل اور اُنکے والد اسماعیل اور والدہ کے خلاف دائر مقدمے کی سماعت کی۔


ا س دوران ملزمان اسماعیل اور اُس کی اہلیہ عدالت میں پیش ہوئی جبکہ گلالئی اسماعیل بیرون ملک روپوش رہنے کے باعث عدالت میں پیش نہ ہو سکی جس کے بعد عدالت نے اُس کے خلاف دفعہ512 کے تحت کاروائی مکمل کرتے ہوئے اُسے مفرور قرار دیا ہے اور اُس کے خلاف دائمی وارنٹ گرفتار ی جاری کردیا ہے۔

  استعاثہ کے مطابق ملزما ن پر الزام ہے کہ اُنہیں پڑوسی ملک بھارت سے دو بینکوں کے ذریعے لاکھو ں روپے ٹرانزیکشن ہوئی ہے جو بعد میں ملک دشمن سرگرمیوں میں استعمال ہو ئی ہے۔

جس کے بعد ملزمان کے خلاف دہشت گردی اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کا مقدمہ درج کردیا  اور عبوری چالان عدالت میں دائر کردیا جس پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت  نمبر 3 نے مقدمہ ڈسچارج کیا تھا جس کے بعد پراسیکیوشن نے مزید شواہد اکٹھے کئے اور چالان مکمل کرکے ملزمان کے خلاف دوبارہ ٹرائل شروع کیا جس میں گزشتہ روز عدالت نے ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کردیا اور مزید سماعت آٹھ اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے استغا ثہ گواہان طلب کر لئے ہیں۔