فیصل آباد۔ پنجاب کے صنعتی شہر فیصل آباد میں پیسے کے لیے خون سفید ہو گیا، بھتیجے نے اپنے چچا پاکستانی نژاد برطانوی شہری کو اغواء کر کے پونے 9 کروڑ تاوان وصول کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ساڑھے 7 ماہ بعد نشاندہی ہوئی تو بیرونِ ملک فرار ہونے کی کوشش میں ملزم لاہور ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق جناح کالونی کے رہائشی پاکستانی نژاد برطانوی شہری عثمان کو 16 فروری کو گھر سے گاڑی میں اغواء کیا گیا تھا۔
ملزمان نے خود کو سرکاری اہلکار ظاہر کیا اور مغوی کو 5 روز تک نامعلوم مکان میں قید رکھا گیا۔اس دوران مغوی کے اکاؤنٹ سے 8 کروڑ 75 لاکھ روپے کی ٹرانزیکشن کی گئی۔
تحقیقات کے دوران مغوی کا بھتیجا فیصل اغواء اور تاوان وصول کرنے کا ماسٹر مائنڈ پایا گیا جس پر واقعے کے ساڑھے 7 ماہ بعد مقدمہ درج کر کے ملزم کو بیرونِ ملک فرار ہوتے ہوئے لاہور ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مغوی کے اکاؤنٹ سے کی گئی ٹرانزیکشن ملزم فیصل کے اکاؤنٹ میں ہوئی تھی جس پر اس کے اغواء میں ملوث ہونے کا شبہ ہوا۔چچا کے اغواء میں ملوث بھتیجے فیصل کے علاوہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔