مردان۔چائلڈ پروٹیکشن کورٹ نے مردان میں پانچ سالہ بچی کیساتھ زیادتی کرنیوالے کو جرم ثابت ہونے پر کوچودہ سال قید اور دس لاکھ روپے کے جرمانے کا حکم سنادیا
تفصیلات کے مطابق مردان کے نواحی گاؤں بخشالی میں ڈیڑھ سال قبل 23 سالہ ملزم جان محمد نے پانچ سال کی بچی کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا تھا جبکہ 10 اکتوبر 2019 کو یہ مقدمہ عام عدالت سے چائلڈ پروٹیکشن کورٹ منتقل کیا گیا تھا۔
گزشتہ سماعت کے موقع پر بچی کے وکیل عارف رسول خان اور ملزم کے وکیل جہانگیر عالم کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو کل ہفتہ کو جج اعجاز احمد نے سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر مجرم جان محمد کو 14 سال قید اور دس لاکھ روپے کے جرمانے کا حکم دیا ہے۔