اسلام آباد میں اہم شخصیات کو منشیات سپلائی کرنے والا نیٹ ورک پکڑا گیا

اسلام آباد۔وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں اہم شخصیات کو منشیات سپلائی کرنے والا نیٹ ورک پکڑا گیا اور ملزمان کے قبضے سے 30 کروڑ مالیت کی ہیروئن، آئس اور گولیاں برآمد کرلی گئی۔

 اس سلسلے میں نجی اور سرکاری شخصیات کے نام فی الحال صیغہ راز میں رکھے جا رہے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق انسداد منشیات فورس(اے این ایف) نے اسلام آباد میں سرکاری عہدیداروں اور نجی افراد کو منشیات کی فراہمی میں ملوث گروہ کو پکڑ لیا۔

اے این ایف کے انٹیلیجنس ذرائع نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت کے ایف۔ 7، ایف۔ 10، ایف۔ 11، اور جی -12 محلوں میں آپریشن کیا گیا، اس دوران خاتون سمیت 7افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ بیرون ملک سے منشیات پاکستان لانے والا غیر ملکی بھی پکڑا گیا۔

 ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے 30 کروڑ مالیت کی ہیروئن، آئس اور گولیاں برآمد کرلیں جبکہ دیگر منشیات میں کوکین، ایکس ٹی سی گولیاں اور چرس بھی شامل ہے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات تعلیمی اداروں سمیت پارٹیوں،اہم شخصیات کوفروخت کی جاتی تھیں، نجی اور سرکاری شخصیات کے نام خفیہ رکھے جارہے ہیں، ملزمان کے موبائل فونز سے دیگر اہم لوگوں کا ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔