اسلام آباد. پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں جلسوں کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے ملک بھر میں جلسے کرنے کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں پی ڈی ایم کے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو جنرل سیکرٹری منتخب کیا ہے، جبکہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پی ڈی ایم کے نائب صدر مقرر کیے گئے ہیں۔
میاں افتخار حسین کو پی ڈی ایم کا سیکرٹری اطلاعات مقرر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں اکتوبر سے دسمبر تک ہونے والے جلسوں کا شیڈول طے کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم کے شیڈول کے مطابق پہلا جلسہ 18اکتوبر کو کراچی میں کیا جائے گا۔ اسٹیرنگ کمیٹی نے 25 اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ پی ڈی ایم 22 نومبر کو پشاور میں جلسہ کرے گی۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم نے لاہور میں جلسے کی بھی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔ لاہور کا جلسہ 13 دسمبر کو کیا جائے گا۔ پی ڈی ایم نے لاہور میں تاریخی جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سٹیئرنگ کمیٹی کے مطابق 30 نومبر کو ملتان، جبکہ 27 دسمبر کو لاڑکانہ میں پی ڈی ایم طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔
پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں عہدیداروں سمیت جلسوں کے شیڈول کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کی آئندہ کی حکمت عملی پرغور کیا گیا۔
پی ڈی ایم کے صوبائی اور ضلعی سطح پر ڈھانچے کی تشکیل پر غور کیا گیا.