تعلیمی ادارے15 اکتوبر سے بندکرنیکی خبریں غلط اور جعلی ہیں، شفقت محمود

اسلام آباد۔ وزیر تعلیم شفقت محمود نے اگلے ہفتے سے تعلیمی ادارے بند ہونے سے متعلق خبروں کو غلط اور جعلی قرار دے دیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر تعلیمی ادارے 15 اکتوبر سے بند ہونے والی خبریں غلط اور جعلی ہیں۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے بند کیے گئے سکول 6 ماہ بعد مرحلہ وار کھول دیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔

گزشتہ روز اسلام آباد کالج فار بوائز جی سکس تھری میں کورونا کے مثبت کیسز سامنے آئے ہیں، مذکورہ کالج میں 3 اساتذہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ضعیم ضیا نے تعلیمی ادارے کو سیل کرنے کا مراسلہ جاری کردیا ہے۔اس ضمن میں ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں رینڈم ٹیسٹنگ کے دوران کیسز سامنے آئے، دو سے زائد کیسز پر کسی بھی تعلیمی ادارے کو سیل کردیا جائے گا۔