وفاقی کابینہ کا گندم اور چینی کی قیمتیں بڑھانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

 

اسلام آباد۔وفاقی کابینہ نے گندم اور چینی کی قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا،کریک ڈاؤن فعال انداز میں ہوگا،ذخیرہ اندوزوں پر ہاتھ ڈالا جائے گا۔

منگل کے روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی،معاشی،اقتصادی صورت حال سمیت اپوزیشن کی تحریک سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا، چیف سیکرٹریز بھی شریک ہوئے اجلاس میں حکام نے کابینہ شرکاء کو پی آئی کی کارکردگی،ریلوے، چینی کی قیمت میں اضافے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔جبکہ بجلی اور گیس کے نرخوں کے تعین کا معاملہ مؤخر کر دیا گیا۔ اس موقع پر ای سی سی کے 30 فیصلوں کی توثیق بھی کر دی گئی۔

کابینہ میں مہنگائی کی شرح،ریلوے اور پی آئی کی بحالی سمیت اہم قومی معاملات پر غور کیا گیا،کابینہ ارکان کا ڈاکٹروقار مسعود کی معاون خصوصی ریونیو تقرری کا خیر مقدم کیا۔کابینہ اجلاس میں چینی،آٹا کی قیمتوں میں اضافہ کے معاملہ پر کھل کر بات چیت ہوئی۔کابینہ ارکان کو چینی اور آٹا سمیت کچھ اشیاء مہنگے ہونے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے لئے اہم اقدامات اٹھائے گی۔اسد عمر نے کابینہ کو بریفنگ میں بتایا کہ گندم درآمد کرنے سے آٹا سستا ہوجائے گا،کچھ مطلوبہ گندم پہنچ چکی،باقی جلد پہنچ رہی ہے،وفاقی کابینہ نے چینی کی قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیاہے،کریک ڈاؤن فعال انداز میں ہوگا،ذخیرہ اندوزوں پر ہاتھ ڈالا جائے گا۔

وزیر ریلوے نے ریلوے کی بحالی اور تعمیر نو کا پلان پیش کردیا ہے،شیخ رشید نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی مکمل بحالی تین مراحل میں ہوگی۔ہزاروں لوگ سفر سے مستفید ہوں گے. کابینہ نے ریلوے بحالی کے پلان کی منظوری دیدی ہے۔کابینہ میں ریونیو بڑھانے کے لئے ٹیکس نیٹ بڑھانے کی تجویزبھی دی گئی۔

 دریں اثناء وزیرِ اعظم عمران خان نے گندم اور چینی کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کاحکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت گندم اور چینی کی وافر دستیابی کو یقینی بنائے گی،وزیرِ اعظم نے صوبائی حکومتوں کو مارکیٹ میں وافر مقدار میں گندم کی دستیابی یقینی بنا نے، درآمدکی جانے والی گندم کے ملک میں پہنچنے کا تفصیلی شیڈول پیش کرنے اور چیف سیکرٹریز کوگنے کی کرشنگ کی تاریخ،گنے کی سرکاری قیمت کا اعلان جلد از جلد کئے جانے اور چینی ملوں میں موجود سٹاک کی فزیکل ویری فیکیشن کرا ئے جانے کی بھی ہدایت کردی۔

 منگل کو وزیراعظم آفس کے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت گندم اور چینی کے موجود سٹاک، طلب و رسد، مستقبل کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے حوالے سے کی جانے والی درآمد اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو گندم اور چینی کے موجود سٹاک اور درآمد کے حوالے سے پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیرِ اعظم کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے بارے میں بھی تفصیلی آگاہ کیاگیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت گندم اور چینی کی وافر دستیابی کو یقینی بنائے گی۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ گندم اور چینی کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔ اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ گندم کی ریلیز کو مزید بڑھایا جائے تاکہ مارکیٹ میں وافر مقدار میں گندم کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔

 وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ درآمدکی جانے والی گندم کے ملک میں پہنچنے کا تفصیلی شیڈول پیش کیا جائے۔ چینی کے حوالے سے وزیرِ اعظم نے چیف سیکرٹری صاحبان کو ہدایت کی کہ چینی ملوں میں موجود سٹاک کی فزیکل ویری فیکیشن کرائی جائے۔