اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس کی سماعت 4 نومبر تک ملتوی

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس پر سماعت 4 نومبر تک ملتوی کر دی۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے سماعت کی۔

احتساب عدالت اسلام آباد کی جانب سے نیب ریفرنس کا ریکارڈ ہائی کورٹ میں ہونے کے باعث سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کی گئی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے پراسیکیوٹر افضل قریشی اور ملزمان کے وکلاء بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے دورانِ سماعت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریفرنس کا مکمل ریکارڈ طلب کیا تھا، ہائی کورٹ سے ریکارڈ واپس آنے پر ہی ریفرنس پر مزید کارروائی ہو گی۔

واضح رہے کہ تبسم اسحاق ڈار کی گھر کی نیلامی کے خلاف درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے۔