اسلام آباد میں واقع نیول ہیڈ کوارٹرز میں کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب ہوئی، جس میں پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل محمد امجد نیازی نے ذمےداریاں سنبھال لیں، ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ایڈمرل امجد خان نیازی کو پاک بحریہ کی کمان سونپی۔
سبکدوش ہونے والے ظفر محمود عباسی نے اپنے الوداعی خطاب میں پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی کو مبارک باد دی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں سیکیورٹی سمیت دیگر چیلنجز کاسامنا ہے۔ ہم نے 3 سال میں خطے میں بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا اور ہم پاک بحریہ کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ 4 چینی فریگیٹ آئندہ 2 برس میں پاک بحریہ میں شامل ہوں گے، پی این ایس یرموک پاکستان نیوی کا حصہ بن گیا ہے ، گوادرمیں بحری اڈہ قائم کیا جا رہاہے، میرین ٹریننگ سینٹر کراچی سے گوادر منتقل کردیا گیا ہے۔
ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اپنی ذمے داریاں سنبھالنے کےبعد صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف حسین علوی، وزیرِ اعظم عمران خان، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل ندیم رضا سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کریں گے اور انہیں بحری دفاع کے تقاضوں سے متعلق اپنی حکمتِ عملی پر اعتماد میں لیں گے۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو نیا نیول چیف تعینات کیا ہے۔
ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے 1985 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا، ایڈمرل محمد امجد خان نیازی آرمی کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور بیجنگ یونیورسٹی چین سے گریجویٹ ہیں، وہ متعدد کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انہیں ہلال امتیاز ملٹری اور ستارہ بسالت سے بھی نوازا جاچکا ہے۔ بھارت کے ساتھ حالیہ تناؤ کے دوران ایڈمرل امجد خان نیازی نے ہی اس پاکستانی بحری بیڑے کی کمانڈ کی تھی جس نے پاکستانی سمندری حدود میں بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا تھا۔