اپوزیشن کی احتجاجی سیاست کے پیچھےان کے ذاتی مفادات ہیں۔شبلی فراز

 سندھ کی مقامی قیادت حلیم عادل شیخ ، راجہ اظہر اور دیگر وفاقی وزیر کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت جو بھی ہو رہا ہے وہ کچھ لوگوں کی ذاتی مفاد کے لیے ہے۔

احتجاجی سیاست کرنے والوں کے پیچھے ذاتی مفادات ہیں، جلسے اور جلوسوں کا بنیادی مقصد کیا ہے سب جانتے ہیں، اپوزیشن جلسے اور جلوسوں سے مقدمات میں ریلیف چاہتی ہے۔

 پیپلزپارٹی اورن لیگ والے قیادت کی کرپشن پر پردہ پوشی کے لیے حکومت پر دباؤ ڈال رہے ہیں، اپوزیشن کے پاس تحریک چلانے کا اخلاقی جواز نہیں ہے، ماضی میں ذاتی مفادات کیلئے اداروں کو مفلوج کردیاگیا، اداروں کے خلاف بولنے والوں کے خلاف قوم میں غم وغصہ پایا جاتا ہے، قوم ملکی اداروں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

شبلی فراز نے کہا کہ حکومت سندھ جزیروں کے معاملے کو سیاسی بنارہی ہے، وفاقی حکومت جزائرکے معاملے پرکوئی غیرآئینی اقدام نہیں کررہی، جزائر میں صنعتوں کے قیام کے حق میں ہیں، ہم جزائر کے معاملے پر بھی سندھ عوام کےلیے روزگار کا سوچتے ہیں، لیکن اگر ان کے حق میں سوچتے ہیں تب بھی مسئلہ اور نہ سوچیں تب بھی مسئلہ ہی ہوتا ہے۔