پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں کی موٹروے پر لینڈنگ کی مشق

لاہور۔ پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں کی طرف سے موٹر وے پر مشقیں کی گئیں۔

 اس حوالے سے پاک فضائیہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایئرفورس کے جنگی طیاروں نے موٹر وے کے لاہور سلام آباد سیکشن ایم 2پر مشقیں کیں، جن میں پاکستان ایئروناٹیکل کمپلیکس اور چین کی شینگ دو ایئر کرافٹ کارپوریشن کے تیار کردہ جدید جنگی طیارے ایف 16اور ایف17تھنڈر شامل تھے۔

ان مشقوں کی غرض سے اس دوران فضائی روٹ کو مکمل طور پر بند کیا گیا، جبکہ مشقوں کی وجہ سے لاہور اسلام آباد موٹر وے ایم 2کو بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا، لیکن ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے متبادل راستہ بھی مہیا کیا گیا۔

موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق لاہور سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک کو کوٹ عبدالمالک انٹر چینج سے شیخوپورہ ہائی وے پر منتقل کیا گیا۔