فیصلہ کن جدوجہد میں داخل ہونے جارہے ہیں، مریم نواز 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ فیصلہ کن جدوجہد میں داخل ہونے جارہے ہیں، ڈھول بجا کر اعلانات کرائیں گے تو ڈھول سے بشیر میمن کی گواہی آئیگی۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) تحریک کے لیے ن لیگ کے مشاورتی اجلاس سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی ہربیماری کاعلاج ’ووٹ کوعزت دو‘ میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم فیصلہ کن جدو جہد میں داخل ہونے جارہے ہیں، ووٹ کی عزت اور حرمت پامال ہوئی ہے، اس کے گواہ پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ’کیسا غدار ہے جس نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط کردیا، والد نے کہا بیگ تیار رکھو، گرفتاری ہو تو سینہ تان کرجانا گھبرانا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی جدوجہد کے نتیجے میں 72سال بعد مسلم لیگ کا کلچر بدل گیا، ظلم، جبر اور دھاندلی کے سامنے ن لیگ کھڑی رہی، دھاندلی کے باجود ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈرز اپنی جماعت کے ساتھ کھڑے رہے، انتخابات میں دھاندلی تو تین ماہ پہلے شروع ہوگئی تھی، انتخابی حلقوں میں دھاندلی کے عینی شاہد اور گواہ پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو پھر تابعداروں کو لا یا جاتاہے، ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو پھر لاقانونیت، مہنگائی اور انتقام ہوتا ہے، ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو پھر آئینی و شخصی حقوق پر حکومت کا کنٹرول ہوتاہے۔

مریم نے کہا کہ جب عوام کے حقوق کی جنگ لڑی جاتی ہے اور انتقام نہیں احتساب کی بات کی جاتی ہے تو غداری کے پرچے کٹتے ہیں، نوازشریف کامقدمہ گلی گلی محلے محلے پہنچ چکا ہے۔