نوجوانوں کو نوکریوں کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، وزیر اعظم عمران خان

 اسلام آباد۔وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ نوجوانوں کو نوکریوں کے مواقع فراہم کرنا، ملکی برآمدات میں اضافہ اور دولت کی پیداوار حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز کا اجلاس ہوا جس میں وزیر صنعت محمد حماد اظہر، مشیر ڈاکٹر عشرت حسین، وفاقی سیکرٹریز و دیگر سینئرافسران،گورنر سٹیٹ بنک اور صوبائی چیف سیکرٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ کے حوالے سے مجوزہ نیشنل ایس ایم ای پالیسی 2020 وزیرِ اعظم کو پیش کی گئی،وزیرِ اعظم کو مجوزہ پالیسی کے خدو خال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  ملک کے نوجوانوں کو نوکریوں کے مواقع فراہم کرنا، ملکی برآمدات میں اضافہ اور ملک میں دولت کی پیداوار حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

 انہوں نے کہا کہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا فروغ ان تینوں ترجیحات کے حوالے سے طے شدہ اہداف کے حصول میں کلیدی کردار کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس سالوں میں ایس ایم ایز کو یکسر نظر انداز کیا جاتا رہا جس کے نتیجے میں ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔

 وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومتی ترجیحات کے پیش نظر تمام وفاقی محکمے اور صوبائی حکومتیں ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ پر خصوصی توجہ دیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت ایس ایم ایز کو تمام ممکنہ آسانیاں  بشمول قواعدو ضوابط کو آسان بنانے، کریڈٹ کی فراہمی، ٹیکس کے نظام کو سہل بنانے اور کاروبار میں سہولت کاری کے لئے پرعزم ہے۔ 

وزیرِ اعظم نے وزیر صنعت کو ہدایت کی صوبوں کی مشاورت سے مجوزہ ایس ایم ای پالیسی پر عمل درآمد کے حوالے سے ٹائم لائنز پر مبنی روڈ میپ کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔