اسلام آباد:سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ قومی احتساب بیورو (نیب) بدعنوانی کو ختم کرے، بہت زیادہ کرپشن ہورہی ہے۔ کریمنل چھاتیاں نکال کر باہر پھر رہے ہیں
جمعرات کو نندی پور پاور پلانٹ آئل ٹینکرز گمشدگی سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔
جسٹس مشیر عالم نے نیب پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ نیب امتیازی سلوک نہ کرے، مجموعی طور پر 134 ٹینکر گم ہوئے لیکن نیب نے اس ملزم کو پکڑ رکھا ہے جس پر 6 ٹینکرز غائب کرنے کا الزام ہے۔
جسٹس قاضی امین نے کہا کہ نیب کرپشن کو ختم کرے، کرپشن بہت زیادہ ہورہی ہے، اس کیس میں نیب نے سب ملزمان کو گرفتار کیوں نہیں کیا، برابری کا سلوک نہ ہو تو ساتھ نہیں چل سکتا۔ نیب وکیل نے کہا کہ ہم نے سب سے پہلے منصوبہ ساز پر ہاتھ ڈالا ہے۔
جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ ایک ملزم نے 12، دوسرے نے 17، تیسرے نے 13 آئل ٹینکر غائب کئے، نیب نے ان سب کو چھوڑ کر 6 ٹینکرز غائب کرنے والے کو گرفتار کرلیا۔
عدالت نے کہاکہ کریمنل چھاتیاں نکال کر باہر پھر رہے ہیں۔ جسٹس منیب اختر نے کہاکہ باقی ملزمان کوگرفتارنہیں کیا، صرف ایک ملزم کوگرفتارکیا۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے ملزم محمد اسلم کی ضمانت منظورکرلی۔