اسلام آباد میں نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر (این ایل سی سی) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوآرڈینیٹر لیفٹننٹ جنرل معظم اعجاز کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل کے حوالے سے مئی میں صورتحال تشویشناک تھی تاہم ٹڈی دل اگست میں کم ہونا شروع ہوا اور اب ملک سے ٹڈی دل کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔
جنرل معظم اعجاز نے کہا کہ وفاقی وزیر سید فخر امام کے عزم کی وجہ سے وفاق اور صوبے منظم کوشش کرتے رہے جب کہ ہم صوبوں کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے ہر سطح پر انسداد ٹڈی دل پر کام کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے نے بھی این ایل سی سی کی بہت مدد کی، وزارت خارجہ نے سفارتی تعاون میں بہترین حکمت عملی اپنائی جب کہ ایف اے او کی مشاورت نے انسداد ٹڈی دل میں ہمارا بہت ساتھ دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹینٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کہ ہم نے کورونا اور ٹڈی دل کے چیلنجز پر قابو پانے کیلئے کامیاب حکمت عملی اپنائی، ٹڈی دل کے چیلنج پر قابو پانا باعث مسرت ہے اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے بھرپور حصہ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے آغاز پر ہمارے پاس حفاظتی سامان کی کمی تھی، کورونا کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں کئی مثبت چیزیں بھی سامنے آئی ہیں تاہم کورونا کے حوالے سے اب بھی خدشات موجود ہیں۔