چارسدہ۔چارسدہ میں پولیس نے ڈھائی سال کی بچی سے مبینہ زیادتی اور قتل کیس میں دعویٰ کیا ہے کہ زیر حراست ایک ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چارسدہ میں ڈھائی سال کی بچی سے مبینہ زیادتی کرکے اسے قتل کرنے والا ملزم پولیس کی حراست میں ہے اور اس نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا ہے۔
پولیس نے کیس میں 300 سے زائد افراد سے تفتیش کی جس کے بعد 15 مشتبہ افراد کے سوا تمام کو تفتیش کے بعد چھوڑ دیا گیا تھا جبکہ ان 15 مشتبہ افراد میں سے ایک شخص نے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ قاتل سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے اور مبینہ قاتل سے جائے وقوعہ کی نشان دہی بھی کرائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مبینہ قاتل نے بتایا کہ اس نے بچی کو شیخ کلی سے اغوا کیا اور زیادتی کا نشانہ بناکر قتل کردیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزم کی عمر 40 سال ہے اور اس کا تعلق بچی کے گاؤں سے ہی ہے جبکہ ملزم کی نشاندہی پرپولیس نے کھیتوں سے بچی کے جوتے بھی برآمد کرلیے۔