لاہور۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک دشمن اپنے مقاصد کیلئے خانہ جنگی پر تلے ہیں،پاک فوج جمہوری حکومت کے پیچھے کھڑی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ مریم اور نواز شریف نا اہل ہیں، نواز شریف اور آصف زرداری کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں، میرے 50 سوالات کا اپوزیشن نے جواب نہیں دیا۔
عمران خان نے اپوزیشن کو جواب دے دیاہے کہ این آر او نہیں دیا جائے گا،نواز شریف کبھی واپس نہیں آئیں گے، ایک سال ہوگیا لیکن نہ تو نوازشریف ہسپتال گئے اور نہ ہی علاج کرایا، بس عوام کو بیوقوف بنایا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا کے پھیلاؤمیں اضافہ ہورہا ہے، کورونا پھیلنے اور دہشت گردی کا خدشہ ہے، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں، دہشت گرد تنظیمیں خانہ جنگی کرانے کے لیے پاکستان میں کچھ بھی کرسکتی ہیں۔
پاکستان کی سالمیت اور بقا میں فوج کا کلیدی کردار ہے، پاک فوج جمہوری حکومت کے پیچھے کھڑی ہے۔
اپوزیشن کے احتجاج اور اسمبلیوں سے استعفوں کی بات پر شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن جلسہ جلوس ضرور کرے لیکن شرپسندی اور جلاو گھیراو پر قانون حرکت میں آئے گا اور کریک ڈاؤن بھی ہوسکتا ہے، یہ نہ ہو کہ اپوزیشن بعد میں ساری عمر پچھتائے، مفتی محمود نے دھاندلی کی بات کی تھی اس کا نتیجہ جو نکلا وہ بتانا نہیں چاہتا۔
31 دسمبر سے 20 فروری اہم ہے اور اس میں نتیجہ نکل آئے گا، پیپلزپارٹی استعفے نہیں دے گی، پیپلز پارٹی والے استعفے دے کر کیا کریں گے، انہیں اگلی بار سندھ بھی نہیں ملے گا، مولانا فضل الرحمان کی 9 سیٹیں ہیں،ان کا کچھ نہیں جانا لیکن مدرسوں کے طلبا کو اکھٹا کرنا ہے۔