وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نےکہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف مقدمہ غلط ہوا، یہ اچھا نہیں ہوا، اسے ایشو بنایا جارہا ہے۔
لاہور میں ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز شاہ کا کہنا تھاکہ وزیراعظم سمیت کسی حکومتی عہدے دار نے نواز شریف پر بغاوت کے مقدمے کی حوصلہ افزائی نہیں کی، یہ مقدمہ خارج ہوا تو سب کے لیے خارج ہوگا۔
وزیرداخلہ کاکہنا تھاکہ اپوزیشن مہنگائی کےخلاف جلسے کرنے نہیں جا رہی، جلسے ہوتے رہتے ہیں لیکن کوئی پاکستانی اپنی فوج کے خلاف جلسے جلوس کے لیے نہیں نکلےگا۔
مہنگائی کے سوال پر اعجاز شاہ کاکہنا تھاکہ کیا مہنگائی آج ہوئی ہے؟ ایک جماعت 30 سال، دوسری 35 سال حکومت میں رہی، حساب کتاب انہی سے ہوگا جو حکومت میں رہے، تحریک انصاف کی تو پہلی حکومت ہے ۔
ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ اپوزیشن کی حالیہ تحریک کا عدلیہ بحالی تحریک سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔