سلیکٹڈحکومت کے جانے کا وقت ہوا چاہتا ہے، مریم نواز

مانانوالہ،شیخو پورہ۔پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی سینئرنائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت کے جانے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔

 جمہوریت کی بالا دستی اور ووٹ کو عزت دو کا نعرہ اب بائیس کروڑ عوام کا نعرہ بن چکا ہے سولہ اکتوبر گوجرانوالہ کا جلسہ پی ڈی ایم رہنماؤں کی خصوصی شرکت سے تاریخ ساز جلسہ بن جائے گا۔

پی ڈی ایم میں انتشار پھیلانے کی باتیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار مرکزی نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن مریم نواز نے مانانوالہ سے ن لیگ کے گوجرانوالہ جلسہ کے حوالے سے آئے وفد جس میں سردار محمد عرفان ڈوگر۔ایم این اے۔چوہدری محمود الحق ایم پی اے۔میاں عبدالروف ایم پی اے سے ملاقات کے دوران کیا۔

 انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈحکومت ریاستی اداروں کے پیچھے چھپنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے حکومت کے تمام اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود گوجرانوالہ سولہ اکتوبر کا جلسہ تاریخ ساز جلسہ ہو گا جس میں پی ڈی ایم کے رہنما بھی خطاب کریں گے۔

سلیکٹڈ حکومت کو اپنے ارد گرد بیٹھے چور نظر نہیں آرہے ہیں صرف اپوزیشن کو انتقامی سیاست کا نشانہ بنانے کے لیئے تمام حربے استعمال کئے جارہے ہیں مگر ن لیگ اور دیگر اتحادی جماعتوں کے کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں حکومت کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔

 اب حقیقی جمہوریت کی بالادستی اور ووٹ کو عزت دو کا نعرہ بائیس کروڑ عوام کا نعرہ بن چکا ہے جو نالائق حکومت سے اب نجات کا وقت ہوا چاہتا ہے انہوں نے کہا کہ اپنے مقرر کردہ کمیشن میں چینی چور ثابت ہونے والے جہانگیر ترین کو جہاز میں بٹھا کر بیرون ملک روانہ کر دیا اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیئے خسرو پرویز کی وزارت تبدیل کر دی گئی۔

سلیکٹڈ حکومت کے اپنے میڈیکل بورڈ کی رپورٹوں پر میاں نواز شریف بیرون ملک علاج کیلئے گئے مگر اب حکومت میاں نواز شریف کی بیماری کے پیچھے چھپ کر اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔
 نئے پاکستان میں احتساب کے نام پر صرف اپوزیشن کو شکار کیا جارہا ہے مریم نواز نے گوجرانوالہ جلسہ میں کارکنوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کے حوالے سے بھی ہدایات دیں جس پر وفد میں شامل ن لیگ کے ممبران اسمبلی نے جلسہ میں بھرپور شرکت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔