اسلام آباد۔ وزیراعظم عمران خان ملک بھر میں اشیاء خوردونوش اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور انہیں بتدریج کم کرنے کیلئے ٹائیگر فورس کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ٹائیگر فورس کا اہم ذمہ داری سونپ دی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں روزانہ آٹا،دال،چینی اور گھی کی قیمتیں چیک کریں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں روزانہ ٹائیگر فورس پورٹل پر بھیجیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے کے روز ٹائیگر فورس سے کنونش سنٹرمیں ملاقات کروں گا، اس دوران ٹائیگر فورس اپنے علاقوں میں روزانہ آٹا، دال، چینی اور گھی کی قیمتیں چیک کریں۔
انہو ں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے رضاکار اشیائے ضروریہ کی قیمتیں روزانہ ٹائیگر فورس پورٹل پر بھیجیں، ان اشیاء کی قیمتوں کے معاملے پر بات ہفتے کے روز ہونے والی ملاقات میں کریں گے۔
واضح رہے کہ ملک میں بڑھتی مہنگائی کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا پیر سے شروع ہونے والے ہفتے ہماری حکومت اشیائے خور و نوش سستی کرنے کیلئے تمام ریاستی وسائل بروئے کار لائے گی۔
ہم پہلے ہی مہنگائی کے عوامل کا جائزہ لیتے ہوئے تعین کررہے ہیں کہ آیا رسد میں واقعی کمی ہے، یا پھر مافیا کی جانب سے ذخیرہ اندوزی و اسمگلنگ وغیرہ اس کا سبب ہے، یا دالوں اور پام آئل وغیرہ کی عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی قیمتیں اس کی وجہ ہیں۔