کراچی۔ مولانا عادل خان پر حملے کے واقعے سے جڑی ایک اور سی سی ٹی وی ویڈیو اور ملزم کی تصاویر پولیس نے حاصل کرلی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں شہید کئے جانے والے شیخ الحدیث اور مہتمم جامعہ فاروقیہ مولانا عادل خان خان پر حملے کی دوسری سی سی ٹی فوٹیج پولیس نے حاصل کرلی ہے۔
سی سی فوٹیج میں مولانا عادل خان کی گاڑی قتل سے پہلے آتے ہوئے دیکھی جاسکتی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ملزم موٹرسائیکل پر مولانا عادل کی گاڑی کا تعاقب کررہا ہے، اس نے پینٹ شرٹ اور کالے رنگ کا ہیلمٹ پہن رکھا ہے، یہ وہی ملزم ہے جو فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کو لے کر فرار ہوا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مولانا عادل کا تعاقب کورنگی دارالعلوم سے کیا گیا، جہاں سے وہ مغرب کی نماز ادا کرنے کے بعد 7 بج کر 20 پر روانہ ہوئے، اور ان پر فائرنگ 7 بج کر 40 منٹ پر کی گئی۔
دوسری جانب مولانا عادل خان اور ان کے ڈرائیور کی ٹارگٹ کلنگ کا واقعے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی کی سربراہی میں اعلیٰ افسران کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس، سی ٹی ڈی اور انٹیلی جنس افسران شریک ہوں گے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقدمے کی حتمی کارروائی اہل خانہ مشاورت کے بعد کی جائے گی، اور اجلاس میں واقعے کا مقدمہ سی ٹی ڈی یا تھانے میں درج کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔