وہاڑی / مریدکے:وہاڑی اور مرید کے میں 2مختلف ٹریفک حادثات میں باپ اور 2بیٹوں سمیت 9افراد جاں بحق جبکہ 18شدید زخمی ہوگئے
ملتان روڈ اڈا غلام حسین کے قریب اے سی کوسٹر اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم کے نتیجے میں خاتون سمیت 7 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ 4 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
ریسکیو 1122کے میڈیا کوآرڈی نیٹر عظیم جٹ کے مطابق اے سی کوسٹر وہاڑی سے ملتان جا رہی تھی کہ اچانک مٹی سے لدی ٹرالی سڑک پر آگئی، خاتون سمیت چار افرادموقع پر جبکہ 3 افراد ہسپتال میں چل بسے جن کی شناخت نہ ہو سکی۔
دوسری جانب مریدکے میں جی ٹی روڈ پر تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار فیملی کو کچل دیا، باپ دو بچوں سمیت موقع پر دم توڑ گیا جبکہ، بیوی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا،ڈرائیور ٹرک چھوڑ کر فرار ہوگیا،المناک حادثہ کے باعث جی ٹی روڈ پر ٹریفک معطل ہو گئی۔