کوہاٹ، چلتی کار پر فائرنگ سے 4افراد جاں بحق، ایک حملہ آور بھی مارا گیا 

کوہاٹ:خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں دیرینہ دشمنی کی بناء پر فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 4افراد سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔

واقعہ اتوار کے روز اسوقت پیش آیا جب گھات لگائے مسلح ملزمان نے مخالف فریق کی چلتی کار پر فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

واقعے میں مخالف فریق کا ایک شخص بھی گولیاں لگنے سے زندگی کی بازی ہار گیا۔

واقعے کی اطلاع پر گمبٹ پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر جاں بحق افراد کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔پولیس نے جائے وقوعہ سے متاثرہ موٹر کار اور اہم شواہد تحویل میں لیکرچار نامزد ملزمان کے خلاف تھانہ گمبٹ میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

واقعے کے بعد پولیس کی مزید نفری علاقے میں پہنچ گئی اور حالات پر کنٹرول حاصل کرکے دونوں فریقین کے مابین انسدادی کاروائی شروع کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کے نواحی قصبہ گمبٹ کے علاقہ ناکبند میں اتوار کے روزمبینہ ملزمان حسین،ریاض،عزت خان اور مطاہر خان پسران نذیر خان نے مخالف فریق کی چلتی موٹر کار پر اچانک فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں کار سوارباپ بیٹے سمیت ایک ہی خاندان کے چار افراد ابراہیم ولد یحییٰ خان، امین احمدولد نوبت،میکائیل ولد نصیب خان اور مجاہد ولداسرائیل ساکنان ناکبند گمبٹ شدید زخمی ہوگئے جو بعد ازاں ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں زخموں کی تاب نہ لاکر جان کی بازی ہارگئے۔

واقعے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں مخالف فریق کا ایک شخص ریاض ولد نذیر سکنہ ناکبند بھی گولیاں لگنے سے زخمی ہوا جو بعد ازاں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

واقعہ اسوقت پیش آیا جب میکائیل اپنے خاندان کے دیگر افرادکے ہمراہ گاؤں میں ایک جنازے میں شرکت کے بعد اپنی موٹر کارمیں واپس گھر آرہے تھے کہ گھات لگائے مخالف فریق کے مسلح افراد نے انکی چلتی گاڑی پر فائر کھول دیا جسکے نتیجے میں کار سوار چاروں افراد موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں مخالف فریق کا ایک شخص بھی جان کی بازی ہار گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فی الفور جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو آر ایچ سی گمبٹ منتقل کردیا جبکہ واقعے میں متاثرہ موٹر کار اور جائے وقوعہ سے اہم شواہد بھی تحویل میں لیکر تھانہ گمبٹ منتقل کردی گئیں۔ 

گمبٹ پولیس نے واقعے کا مقدمہ فوری طور پر نامزد چار ملزمان حسین،ریاض،عزت خاناور مطاہر خان کے خلاف درج کرلیا ہے جنکی تلاش کیلئے پولیس کی مزید نفری بھی علاقے میں پہنچ گئی ہے اور انکے گھروں سمیت ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپہ مار کاروائیوں اور سرچ آپریشن کا اغاز کردیا گیا ہے۔

پولیس کی انوسٹی گیشن ٹیم نے بھی  جائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے اہم شواہد قبضے میں لیکرواقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔