اسکردو: راولپنڈی سے اسکردو جانیوالی بس پر پہاڑی تودہ گرنے سے 16 افراد جاں بحق اور 2شدید زخمی ہو گئے جن کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسافر کوچ راولپنڈی سے اسکردو جارہی تھی کہ گلگت اسکردو روڈ پر تنگوس کے مقام پر اس پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اچانک پہاڑی تودا آگرا اور کوچ ملبے تلے دب گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بس میں 18 مسافر سوار تھے، 10 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ6 افراد ہسپتال لے جا تے ہو ئے دم توڑ گئے۔
پولیس نے حادثے میں 16 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرائیور اور کنڈیکٹر سمیت 6 مسافروں کی شناخت کر لی گئی ہے۔
ایس ڈی پی او محمد حسن کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں کوچ میں سوار 16 افراد جاں بحق ہوئے جن کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں سے ڈرائیور اور کنڈیکٹر سمیت 6 افراد کی شناخت ہوگئی ہے۔
لاشیں نکالنے کے بعد اب سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کیا جارہا ہے جبکہ ہلاک اور زخمی ہو نیو الوں کو ہسپتا ل منتقل کر دیا گیا ہے۔