لاہور: لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع موبائل مارکیٹ حفیظ سنٹر میں لگی آگ پر 10 گھنٹے گزرنے کے باوجود قابو نہیں پایا جا سکا۔
تاجروں نے پلازے کے سامنے میدان میں اذانیں دینا شروع کردیں۔کئی تاجر زاروقطار رو کر اللہ سے دعا کرتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے سب سے بڑے موبائل پلازہ حفیظ سنٹر میں صبح 6 بجے شروع ہونے والی آگ 10 گھنٹوں بعد بھی بھجائی نہ جا سکی۔
اپنی آنکھوں کے سامنے اپنا کاروبار جلتا دیکھ کر کئی تاجر رو پڑے۔ کئی تاجروں نے حفیظ سنٹر کے سامنے میدان میں کھڑے ہو کر اذانیں دینا شروع کردی ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر صارفین کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تاجر اذانیں دے رہے ہیں اور کئی تاجر زار و قطار رو رہے ہیں۔
تاجر ایک دوسرے کو اللہ سے گڑگڑا کر معافی مانگنے اور دعا کی تلقین کر رہے ہیں۔
تاجر اپنی آنکھوں کے سامنے اپنا کاروبار جلتا دیکھ کر رو رہے ہیں۔ خیال رہے کہ ریسکیو اہلکار صبح سے آگ بھجانے میں مصروف ہیں، آگ کی شدت کے پیش نظر رینجرز، آرمی اور نیوی کی امدادی ٹیمیں بھی موقعہ پر موجود ہیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حفیظ سنٹر میں لگنے والی آگ پر جلد از جلد قابو پانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
لاہور انتظامیہ اور ریسکیو کو ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سب سے پہلے چھت پر پھنسے افراد کو باہر نکالا جائے اور دیگر شہروں سے بھی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں منگوائی جائیں تاکہ جلد از جلد آگ پر قابو پایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ پلازے میں پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنا ترجیح ہے۔
ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ اس وقت فائر بریگیڈ کی 33گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں، اور ریسکیو کے 70 اہلکار بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
ریسکیو ترجمان کے مطابق شیخوپورہ سے بھی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں منگوائی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حفیظ سنٹر میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جو کہ اب تین منزلوں تک پھیل چکی ہے۔ واضح رہے کہ صبح 6 بجے گلبرگ کے معروف الیکٹرانکس پلازے حفیظ سنٹر میں ا?گ لگنے سے پچاس سے زائد دکانیں متاثر ہوئی ہیں۔
آگ پلازے کی دوسری منزل پر لگی تھی جو اب چوتھی منزل تک پھیل چکی ہے۔ آگ کی شدت کے باعث دوسرے اضلاع سے بھی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں طلب کر لی گئی ہیں۔ آگ کی شدت کے باعث رینجرز کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
ریسکیو اہلکار پلازے میں پھنسے لوگوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ آگ زیادہ پھیلنے کے باعث انتظامیہ نے رینجرز کو طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق حفیظ سنٹر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے 50 سے زائد دکانیں متاثر ہوئی ہیں، آگ حفیظ سنٹر کی دوسری منزل پر لگی، شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ شدت اختیار کرگئی۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق آگ نے تیسری اور چوتھی منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ آگ لگنے پر ایک متاثرہ دکاندار کا کہنا تھا کہ دکانوں سے سامان نکال رہے ہیں۔ 40 سے 50 کروڑ کا نقصان ہوچکا ہے۔