کراچی، بس ٹرمینل کے قریب ریموٹ کنٹرول دھما کے میں 5 افراد زخمی

کراچی:کراچی کے علاقے شیریں جناح کالونی میں ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی جنوبی شیراز نذیر نے کہا کہ دھماکا ایک دکان کے باہر بس ٹرمین کے قریب ہوا جس میں 5 افراد زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

شیراز نذیر کا کہنا تھا کہ دھماکہ خیز مواد میں پیلٹس کا استعمال کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ابھی دھماکے کے ہدف سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

ڈی آئی جی جنوبی جاوید اکبر ریاض کا کہنا ہے کہ مطابق دھماکا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا، دھماکہ خیز ڈیوائس کا وزن ایک کلو گرام تھا۔

جاوید اکبر ریاض نے کہا کہ دھماکا خیر ڈیوائس سائیکل میں نصب تھی، زیادہ تر افراد بال بیرنگ لگنے سے زخمی ہوئے۔ بس بھی دھماکے  کی زد میں آئی ہے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی کے انچارج راجہ عمر خطاب نے دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں سی ٹی ڈی کے انچارج راجہ عمر خطاب نے کہا کہ دھماکا بس ٹرمینل کے گیٹ پر ہوا، تقریباً ایک کلو دھماکا خیز مواد ممکنہ طور پر سائیکل میں نصب تھا۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور دھماکے کے لیے ممکنہ طور پر ٹائمر ڈیوائس لگائی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ معلوم کر رہے ہیں کہ ٹارگٹ کیا تھا، جہاں دھماکا ہوا وہاں بڑی تعداد میں شہری تھے،واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے دوران شہر قائد میں دستی اور کریکر بم کے دھماکوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔