لاہور: موٹر وے زیادتی کیس کی متاثرہ خاتون نے ملزم عابد ملہی کو شناخت کرلیا ہے۔
ق لاہور کی کیمپ جیل میں عدالتی حکم کے تحت موٹر وے زیادتی کیس کے ملزم کی شناختی پریڈ ہوئی، جس میں متاثرہ خاتون نے ملزم عابد ملہی کو شناخت کرلیا۔
پنجاب پولیس نے عابد ملہی کی گرفتاری 12 اکتوبر کو ظاہر کی تھی، عدالت نے ملزم کو شناختی پریڈ کے لیے جیل بھجوایا تھا۔ واقعے میں ملوث دوسرے ملزم شفقت علی کی شناخت اس سے پہلے ہی شناخت ہوچکی ہے۔ دونوں ملزمان نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے۔
9 ستمبر کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا تھا، ملزمان خاتون سے ایک لاکھ نقدی ، 2 تولے طلائی زیورات، ایک عدد برسلیٹ، گاڑی کا رجسٹریشن کارڈ اور 3 اے ٹی ایم کارڈز لے کر فرار ہو گئے تھے۔
ایک ملزم شفقت کو واقعے کے کچھ ہی دنوں بعد گرفتار کرلیا گیا تھا لیکن دوسرا ملزم عابد ملہی مفرور تھا جسے 12 اکتوبر گرفتار کیا گیا۔