پاراچنار:پاراچنار سے 9کلومیٹر دور شلوزان میں گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے4افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ کمسن بچہ زخمی ہوگیاپولیس نے 6 ملزم گرفتارکرلئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اپر کرم کے علاقے شلوزان میں مسلح افراد نے زیر تعمیر مکان میں مزدوروں کو کھانا لے جانے والی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں انجینئر اسد علی ولد مزمل حسین عمر 28سال، ید اللہ ولدتراب علی عمر 16سال اور ننھا ایان حیدر ولد مرحوم ارباب حسین عمر 3سال اورفرنٹیئر کور اہلکار جبکہ صادق حسین ولد زاہد حسین عمر 24سال جاں بحق ہوگئے جبکہ صفدرعباس ولد وہاب علی عمر 10سال زخمی ہوگئے تھے۔
گاڑی میں مقتول اسد علی کیساتھ گود میں اس کی 3سالہ بیٹی انم فاظمہ بھی تھی جو معجزانہ طور پر بچ گئی‘ایس ایچ او مجاہد حسین طوری کے مطابق مقتولین کے ورثاء نے 6افراد پر قتل کی دعویداری کی جس پرپولیس نے نامزد 6 ملزمان گرفتار کرلئے اور ان پر ppc 302, 324, 427, 148, 149 کے تحت مقدمہ درج کردیا ہے جن کا تعلق اسی گاؤں شلوزان سے بتایا جارہا ہے۔
ایک ساتھ چار جنازے اٹھنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔مقتول اسد علی کے بھائی نا صر مہدی کے مطابق ان کے بھائی شاملاتی زمینوں میں بیواؤں اور یتیموں سمیت علاقے کے ہر ایک فرد کو اپنا حصہ دلانا چاہتے تھے اور عدالتوں میں اس حوالے سے کیس بھی چل رہا تھا اور ان کے خاندان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔
ناصر مہدی کے مطابق قاتلوں نے ان کے خاندان کے بچوں سمیت چار افراد کو قتل کرکے نا انصافی اور درندگی کا مظاہرہ کیا ہے،عدالت اور متعلقہ حکام قاتلوں کو قرار واقعی سزا دیں اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضلع کرم محمد قریش خان کے مطابق واقعہ کے حوالے سے تحقیقات جاری ہے اور قتل کے واقعے میں ملوث افراد قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکتے۔