پاکپتن:پاکپتن میں خاتون کو اجتماعی زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا جبکہ لاش پڑوسن کے گھر میں پڑے صندوق سے برآمد کرلی گئی۔
خاتون کو اجتماعی زیادتی کے بعد قتل کیے جانے کا واقعہ پاکپتن کے علاقے چک بھیلا میں پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ مقتولہ کو بہانے سے گھر لیکر گئی جہاں پہلے سے موجود تین افراد نے اسے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کا کہنا ہے کہ ملزمان نے پکڑے جانے کے خوف سے خاتون کو قتل کیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ متاثرہ خاتون کی لاش پڑوسن کے گھر میں صندوق سے برآمد کر لی گئی ہے جب کہ 3 مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پاکپتن میں خاتون کو اجتماعی زیادتی کے بعد قتل کیے جانے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملزمان کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے مقتولہ کے خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔