خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس نے ایک اور ڈاکٹر کی جان لے لی  


پشاور: خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس نے ایک اور ڈاکٹر کی جان لے لی ہے جس کے بعد صوبے اس وائرس سے جاں بحق ڈاکٹروں کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔

 تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں ڈاکٹروں کی صوبائی تنظیم پرویژنل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ خیبر کالج آف ڈینٹسڑی کے ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر سلطان زیب کورونا وائرس کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگئے ہیں، وہ گزشتہ کچھ روز سے حیات اباد میڈیکل کمپلیکس میں زیر علاج تھے۔

پرویژنل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر سلطان زیب کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شعبہ طب سے تعلق رکھنے والے افراد ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ڈاکٹر سلطان زیب کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وبا کے دوران ڈاکٹرز کی خدمات قابل ستائش ہیں، شہری کورونا وبا سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔