اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ(ن) نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ کامیاب جلسوں سے سلیکٹڈ حکومت کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں، بھارتی میڈیا کے زیراثر غداری کے اوچھے بیانیے کا پرچار حکومتی شکست خوردگی کی علامت ہے۔
فسطائیت اور سیاسی انتقام میں پاگل سلیکٹڈ وزیراعظم کی اوچھی اور خلاف قانون حرکتیں ان کا ڈولتا اقتدار بچا نہیں سکتیں خیبرپختونخوا میں بھی پی ڈی ایم کا تاریخی جلسہ ہوگا مستقبل میں اس سے بھی زیادہ قوت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
ہفتہ کو کا اعلی سطح کا پارٹی اجلاس ہوا، ملک کی مجموعی صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سیکریٹری جنرل احسن اقبال، سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق،نائب صدر مریم نوازشریف سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔
اجلاس کے جاری اعلامیہ کے مطابق ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، معیشت کی تباہی، خارجہ پالیسی کو ناکام قرار دیتے ہوئے اظہار تشویش کیا گیا ہے۔اجلاس میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے گوجرانوالہ، کراچی اور کوئٹہ کے کامیاب جلسوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاگیا کہ عوام پی ڈی ایم کی سیاسی جدوجہد میں جس جوش وجذبے کا اظہار کررہے ہیں، اور جلسوں میں شرکت کررہے ہیں،اس سے سلیکٹڈ حکومت کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق لیگ ن کسی صورت اپنے بنیادی نصب العین سے پیچھے نہیں ہٹیں گی
سلیکٹڈ حکومت کا پروپیگنڈے کے محاذ پر ایڑیاں رگڑنا اور بھارتی میڈیا کے زیراثر غداری کے اوچھے بیانیے کا پرچار شکست خوردگی کی علامت ہے۔
اجلاس نے سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف منفی اشتہاری مہم چلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قرار دیا کہ وضاحت جاری ہونے کے باوجود اس نوعیت کے ہتھکنڈے دراصل عوام کی توجہ مہنگائی، بے روزگاری، معیشت کی تباہی،خارجہ پالیسی سمیت ہر محاذ پر بدترین نالائقی وناکامی اور حکومتی کرپشن کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے۔ اجلاس نے فیصلہ کیا کہ اگلے مرحلے میں خیبرپختونخوا میں پی ڈی ایم کے جلسوں کو بھرپور کامیاب بنانے کے لئے عوام اور کارکنان کو فعال کیاجائے گا۔