لاہور: مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان صوبے کا اعلان سیاسی رولز کی خلاف ورزی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایاز صادق کے خلاف چلنے والی مہم قابل مذمت ہے اور ایاز صادق کے خلاف بینرز حکومتی سرپرستی میں لگائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت فواد چوہدری کے بیان پر وضاحتیں دے رہی ہے جبکہ وزیر اعظم اور کابینہ حزب اختلاف اور اداروں کے درمیان تصادم چاہتے ہیں لیکن اگر تصادم ہوتا ہے تو ملک کے اندر انارکی پھیلے گی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ ہی پارٹی کی رائے ہے اور پارٹی کے اندر کوئی تقسیم نہیں ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف صرف شفاف انتخابات کی بات کرتے ہیں اور پارلیمنٹ میں سب کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنا چاہیے جس میں شفاف انتخابات پر بات ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے نام پر نوجوانوں کو کنفیوژ کیا جا رہا ہے لیکن ہماری کوشش ہے کہ ہم نوجوانوں کو جمہوریت سے، جمہوری رائے سے اور ووٹ کو عزت دو کے نعرے سے روشناس کرائیں گے۔
گلگت بلتستان صوبے کا اعلان کر دینا ایک سیاسی بات ہے اور وزیر اعظم نے صوبے کا اعلان کر کے انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔