عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما و پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سیکرٹری اطلاعات میاں افتخار حسین نے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ کو فوری طور پر وزارت سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔
میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیرداخلہ اعجاز شاہ کا حالیہ بیان انتہائی شرمناک ہے، مجھے اپنے بیٹے اور بلور خاندان کی شہادتوں کا طعنہ دینے والے اعجازشاہ اپنے کردار پر نظر ڈالیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاست وزیر داخلہ کے بیانیے پر اپنی پوزیشن واضح کرے اور انہیں عہدے سے ہٹا کر ٹروتھ فائنڈنگ کمیشن بنایا جائے۔
پی ڈی ایم رہنما کا کہنا تھا کہ حالیہ بیانیے سے تاثر ملتا ہے دہشت گردی کے مسئلے پر ریاست دوغلی پالیسی پر عمل پیرا ہے، اعجاز شاہ نے دھمکی آمیز انداز میں اپوزیشن اورعوام کو گمراہ اور خوفزدہ کرنے کا عملی مظاہرہ کیا۔
میاں افتخار کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف ہمارا مؤقف واضح اور کردار قربانیوں سے عبارت ہے، اے این پی حا لیہ بیانیے پر کسی صورت خاموش نہیں رہے گی اور پارٹی مسئلے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے لائحہ عمل تیار کرے گی۔
واضح رہے کہ 2010 میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار کے 28 سالہ اکلوتے بیٹے میاں راشد حسین نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے تھے۔
اُس وقت میاں افتخار حسین صوبائی حکومت کے ترجمان تھے۔
خیال رہےکہ گذشتہ دنوں وفاقی وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا تھاکہ جب عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) نے طالبان کی مخالفت کی تو انہوں نے ردعمل میں میاں افتخار کے بیٹے کو مار دیا اور بلور خاندان کو بھی نشانہ بنایا۔
انہوں نےکہا کہ آج ن لیگ کا بھی وہی بیانیہ ہے اور وہ ان لوگوں کےلیے دعاگو ہیں، پاک فوج کے خلاف بولنے والوں کو بھارت چلے جانا چاہیے۔