ڈاکٹر کو جعلی ’الہٰ دین کا چراغ‘ بیچنے والے بھارتی ٹھگ گرفتارکرلئے گئے

بھارتی ریاست اترپردیش کی پولیس نے ایک ڈاکٹر کو جعلی ’الہٰ دین کا چراغ‘ بیچ کر ان سے کروڑوں روپے ہتھیانے والے دو ٹھگوں کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار کیے گئے دونوں ٹھگوں نے اتر پردیش کے ضلع میرٹھ کے ایک مسلمان ڈاکٹر لئیق احمد کو جعلی ’الہٰ دین کا چراغ‘ فروخت کیا تھا۔

خبر رساں ادارے ایجنسی فرانس پریس (اے ایف پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ دونوں ٹھگوں کی شکایت لئیق احمد نے پولیس کو درج کروائی تھی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ڈاکٹر لئیق احمد نے بتایا کہ نوسر باز ان کے پاس آئے اور انہیں جعلی ’الہٰ دین کے چراغ‘ سے شعبدہ بازی کے ذریعے جعلی جن کے نکلنے کا منظر بھی دکھایا۔

 

واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے پولیس افسر امت رائے نے بتایا کہ ملزمان نے ڈاکٹر کو کروڑوں روپے کے عوض جعلی ’چراغ‘ خریدنے کی پیش کی تاہم دونوں فریقین کے درمیان 93 ہزار ڈالر یعنی تقریبا 70 لاکھ بھارتی روپے میں معاملہ طے پایا۔

ڈاکٹر نے جب خریدے ہوئے ’چراغ‘ کو رگڑ کر جن کو حاضر ہونے اور اپنی خواہش کی تکمیل کرنا چاہی تو ’چراغ‘ نے کام نہیں کیا، جس کے بعد ڈاکٹر کو اپنی غلطی کا احساس ہوا۔

اس سے قبل ٹھگوں نے ڈاکٹر کے سامنے جھوٹے جادو کا مظاہرہ بھی کیا تھا اور جن دو ٹھگوں نے انہیں ’چراغ‘ بیچا ان میں سے ہی ایک ملزم نے نقلی جن کا روپ دھارا تھا۔

 

متاثرہ ڈاکٹر نے بتایا کہ انہیں ملزمان نے بتایا کہ ’چراغ‘ میں قید جن انہیں دولت دینے سمیت ان کی ہر خواہش پوری کرے گا اور یہ کہ وہ بیمار مریضوں کو صحت یاب بھی کرے گا۔

تاہم جب ڈاکٹر نے ’چراغ‘ کو خریدنے کے بعد ایسا کرنا چاہا تو ’چراغ‘ نے کوئی کام نہیں کیا اور ڈاکٹر کو احساس ہوا کہ انہیں ٹھگوں نے لوٹ کر پلاسٹک کا بنا ’چراغ‘ دے دیا۔

پولیس نے ڈاکٹر کی شکایت پر دونوں ٹھگوں کو گرفتار کرلیا جب کہ ٹھگوں کی ٹیم میں شامل ایک خاتون تاحال فرار ہے۔