امریکی شہر سان ڈیاگو کے ’سی ورلڈ‘ میں شمالی امریکا کے معمر ترین میکرونی پینگوئن کی 40 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق’بیسٹ فرینڈ‘ نامی یہ میکرونی پینگوئن بدھ کو 40 سال کا ہوا۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ میکرونی پینگوئن کی متوقع عمر 15سے 20 سال ہوتی ہے۔
سی ورلڈ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر’بیسٹ فرینڈ‘ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ جنگل میں ایک میکرونی پینگوئن کی متوقع عمر 8 سے 15 سال ہوتی ہے اور انسانی نگہداشت میں یہ اکثر 30 سال تک زندہ رہتا ہے کیونکہ وہ شکاریوں سے محفوظ ہوتے ہیں اور باقاعدگی سے ان کی دیکھ بھال کی جاتی ہے۔
کیپشن میں مزید لکھا گیا ہے کہ کسی میکرونی پینگوئن کو 40 برس کا ہوتے دیکھنا ایک نیا سنگِ میل ہے اور یہ سی ورلڈ میں ملنے والی ماہرانہ دیکھ بھال کا ثبوت ہے۔
سی ورلڈ کی انتظامیہ نے بتایا کہ بیسٹ فرینڈ کو پارک میں پیار سے ’سب سے قیمتی بوڑھا آدمی‘ کہا جاتا ہے اور عمر زیادہ ہونے کی وجہ سے اس کی بینائی کمزور ہو رہی ہے لیکن اس کی قوتِ سماعت بالکل ٹھیک ہے اور یہ ہر طرح کی آوازوں کو باآسانی پہچان سکتا ہے۔
سی ورلڈ کی انتظامیہ نے یہ بھی بتایا کہ اس پینگوئن کا پسندیدہ مشغلہ اپنی پانی کی ٹرے میں پانی کے بلبلے پھلانا ہے۔
میکرونی پینگوئن کی اس ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے اور دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔