لاہور:لیگی رہنما عظمیٰ بخاری نے پلوامہ حملے میں ہلاک ہونے والے بھارتی فوجیوں کو شہید قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی خاتون رکن اسمبلی عظمیٰ بخاری اپنے ایک بیان کی وجہ سے شدید مشکل میں پھنس گئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں عظمیٰ بخاری پلوامہ میں بھارتی فوج پر ہوئے حملے سے متعلق بات کر رہی ہیں، اس دوران ان کی جانب سے ہلاک ہونے والے بھارتی فوجیوں کو شہید قرار دے دیا گیا۔
اس حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر عظمیٰ بخاری کی زبان پھسل گئی، اس لیے انہیں فوری اس بیان کی وضاحت کرنی چاہیے۔ تاہم اس وقت عظمیٰ بخاری کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جانب سے بھی ردعمل دیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے لیگی خاتون رہنما کو ملکہ جذبات قرار دیا ہے۔
یہاں واضح رہے کہ عظمیٰ بخاری کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں نئے تنازعے کا باعث بنا ہے جب مسلم لیگ ن پہلے سے ہی سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے متنازعہ بیان کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہے۔