اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کورآرڈی نیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزرا ء کے علاوہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔این سی او سی کی جانب سے کووڈ19 کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے وزیرا عظم کو آگاہ کیا گیا اور وباء کے موجودہ پھیلاؤ اور مثبت کیسز کی شرح کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
پبلک سیفٹی اور صحت کے میدان میں کاوشوں کے لیے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے این سی او سی اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے کردار کو سراہا گیا۔ اجلاس میں این سی سی کی جانب سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے فیصلوں کی توثیق کر دی گئی۔
این سی سی نے ماسک پہننے, کاروباری اوقات کار میں کمی سمیت سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کے احکامات کی توثیق کر دی۔ وزیراعظم نے تمام سٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی ہے کہ مرض پر قابو پانے اور عوام کے روزگار کے درمیان توازن قائم رکھاجائے۔
وزیر اعظم نے خاص طور پر کورونا کیسز میں کسی قسم کے اضافے کی صورت میں ہسپتالوں میں علاج معالجہ خصوصاٰ ایمرجنسی علاج کیلئے آلات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔
انہوں نے این سی او سی کو ہدایت کی کہ تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کرکے ضابطہ اخلاق تشکیل دیا جائے اور ضروری گائیڈلائنز جاری کی جائیں۔
وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کورونا کے مریض اور اموات کی تعداد دوگنا ہو گئی ہے وینٹی لیٹرز پر بھی دوگنا مریض داخل ہیں ادویات اور آکسیجن کی بہت ضرورت ہے۔