امریکا نے چوری شدہ گندھارا دور کے قیمتی نوادرات پاکستان کوواپس کردئے

گندھارا دور کے چوری ہونے والے نوادرات امریکا نے پاکستان کو واپس کردیے، دوسری صدی کے بدھا دور کے یہ نوادرات پاکستان کے حوالے کرنے کیلیے پاکستانی قونصلیٹ جنرل میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں نیویارک کاؤنٹی کےڈسٹرکٹ اٹارنی سی وانس اور قونصلر جنرل عائشہ علی نے چرائے گئے نوادرات کی واپسی کے معاہدہ پر دستخط کیے۔

اس موقع پر قونصل جنرل عائشہ علی نے کہا کہ ان کے دفتر نے اس معاملے کی بھرپور انداز میں پیروی کی اور اسلام آباد میں قونصل خانے اور حکام کے مابین کئی ماہ کا تعاون اثاثوں کی بازیابی اور پاکستان واپسی کا باعث بنا، انہوں نے امریکی حکام کی پاکستان کے چوری شدہ ثقافتی خزانوں کی بازیابی میں کوششوں کی تعریف کی۔

سی وانس نے کہا کہ انہیں یہ 45 خوبصورت نمونے پاکستانی عوام کو واپس کرنے پر فخر ہے کیونکہ یہ ان کے تھے، انہوں نے کہا کہ ان کا دفتر عالمی ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور چوری شدہ آثار و نوادرات کو ان کے اصل ممالک کو واپس لایا جائے گا۔