امریکہ میں کوروناوائرس  سے ایک ماہ قبل ہلاک ہونیوالا امیدوار بھی کامیاب قرار  

 

ڈکوٹا: امریکا میں قانون ساز اسمبلی کے الیکشن میں ایک ایسے امیدوار کو بھی کامیاب قرار دیدیا گیا ہے جن کا 6 اکتوبر کو کورونا سے انتقال ہوچکا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی ڈکوٹا میں قانون ساز اسمبلی کے الیکشن میں ٹرمپ کی جماعت ری پبلکن کے امیدواروں نے ڈیوڈ انڈھیل اور ڈیو نیہرنگ نے میدان مار لیا ہے۔

حیران کن طور پر کامیاب امیدواروں میں سے 55 سالہ امیدوار ڈیوڈ انڈھیل گزشتہ ماہ 6 اکتوبر کو کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد جہان فانی سے کوچ کرگئے تھے۔
یہ خبر پڑھیں: امریکا میں پہلی بار ایک ’ٹرانس جینڈر‘ سینیٹر منتخب 

کورونا وبا کی وجہ سے امریکی انتخابات میں زیادہ تر ووٹرز نے کئی ماہ قبل ہی ارلی ووٹنگ میں پوسٹل ووٹنگ کے ذریعے حصہ لیا تھا جس کی وجہ سے ڈیوڈ انڈھیل نے بھی کامیابی حاصل کرلی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: مخالفین انتخابی نتائج تبدیل کرنے کیلیے جعلی ووٹ ڈلوا رہے ہیں، ٹرمپ کا الزام

ڈکوٹا سے ری پبلکن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمیں زیادہ سے زیادہ فتح کی ضرورت ہے جتنے ری پبلکن جیتیں گے اتنے ہی صدر ٹرمپ کی فتح کے امکانات روشن ہوں گے۔