اسلام آباد: پاکستان نے کورونا وائرس کی ممکنہ ویکسین کی خریداری کا فیصلہ کرلیا اور کورونا ویکسین کی بکنگ کرانے کیلئے وزیراعظم سے اجازت طلب کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے کورونا وائرس کی ممکنہ ویکسین کی خریداری کا فیصلہ کرلیا،ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان ممکنہ کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کرائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے وزارت قومی صحت نے وزیراعظم عمران خان کے نام مراسلہ لکھا ہے، جس میں کورونا ویکسین کی بکنگ کرانے کیلئے وزیراعظم سے اجازت طلب کی گئی ہے۔
وزارت صحت نے کورونا ویکسین کیلئے 100 ملین ڈالر مختص کرنے اور ایک کروڑ شہریوں کیلئے کورونا ویکسین بکنگ کی تجویز دی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کیلئے کورونا ویکسین کی ہنگامی بنیادپر بکنگ ناگزیر ہے، ہیلتھ ورکرز،ضعیف شہریوں کیلئے کورونا ویکسین کی دستیابی ضروری ہے، پہلے فیز میں ویکسین ہیلتھ ورکرز،ضعیف شہریوں کیلئے دستیاب ہوگی۔
وزارت صحت نے کہا ہے کہ وزیراعظم بین الوزارتی کمیٹی کو ویکسین سازوں سے مذاکرات کی اجازت دیں اور ویکسین بکنگ کا معاملہ ای سی سی میں بھجوائیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر کورونا ویکسین کی تیاری فیز تھری میں داخل ہو چکی ہے، تمام ممالک کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کرارہے ہیں، کورونا ویکسین 2021 کی پہلی یا دوسری سہ ماہی میں دستیاب ہوگی۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ویکسین کی مفت، رعایتی خریداری کیلئے رابطہ کیا ہے، گاوی سے ویکسین 2021 کے آخرمیں ملنے کا امکان ہے، کورونا ویکسین کی بکنگ کا معاملہ این سی او سی میں زیر بحث آ چکا ہے۔