سرگودھا، ڈمپر اور وین میں تصادم، 4مسافر جاں بحق، 10زخمی

سرگودھا: پنجاب کے شہر سرگودھا فیصل آباد روڈ پر 2 ڈمپرز اور مسافر وین میں تصادم کے نتیجے 4افراد جاں بحق جبکہ 10شدید زخمی ہوگئے ہیں۔جاں بحق ہونیوالوں میں 3خواتین شامل ہیں 

 رپورٹ کے مطابق سرگودھا فیصل آباد روڈ پر ڈمپرز اور مسافر وین میں خوفناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں مسافر وین میں سوار 3 خواتین اور ایک مرد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، حادثے میں 10 مسافر زخمی ہوئے۔

حادثے میں زخمی مسافروں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں تین زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر وین چنیوٹ سے سرگودھا جارہی تھی کہ میڈیکل کالج کے قریب دو ڈمپر کے ساتھ حادثے کا شکار ہوگئی۔

پولیس کے مطابق ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔