کوہاٹ:کوہاٹ میں فائرنگ کے مختلف واقعات کے دوران باپ بیٹے اور دو بھائیوں سمیت7افراد جاں بحق اور 4زخمی ہوگئے۔شادی کی تقریب میں ہونیوالی فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونیوالوں میں دولہا بھی شامل ہے۔
قتل اور اقدام قتل کے ان واقعات کے مقدمات تھانہ چھاؤنی اور تھانہ سٹی میں درج کرتے ہوئے دو نامزد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
فائرنگ کے واقعات کے بعدپولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم سمیت متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں خود کار اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ کوہاٹ کے نواحی علاقہ کاغزئی میں گزشتہ رات پیش آیا جہاں شادی کی تقریب میں جاری موسیقی کے پروگرام میں سابقہ عداوت پر مخالف فریق کے افراد نے سامنا ہونے پر ایک دوسرے پر فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں 5افراد موقع پر جاں بحق اور 3افرادزخمی ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں اور زخمیوں کو ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ڈی اے منتقل کردیا۔
ایس ایچ او تھانہ کینٹ قسمت خان کے مطابق امشید نامی پولیس اہلکار کی شادی کی تقریب میں منعقدہ خواجہ سراؤں کی موسیقی کا پروگرام مقامی باشندے مجاہد کے حجرے میں جاری تھا کہ سابقہ عناد پر فریقین کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جسمیں دو بھائیوں ں سمیت پانچ افرادجاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق افراد میں ایک فریق کے قیصر محمد خان،نیاز محمد خان پسران میر زاعلی خان،انکا چچا زاد جنید ولد خالد محمود شامل ہیں جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر دو افراد قاسم الرحمان ولد سیف الرحمان اور عبدالرحمان ولد رحمت اللہ شاہ ساکنان کاغزئی بھی جاں کی بازی ہار گئے۔
فائرنگ کے اس واقعے میں مخالف فریق کے تین افراد طور گل اسکا بیٹا اسفند یار اور انکا رشتہ دار دولہا امشید ولد رسول خان ساکنان کاغزئی شدید زخمی ہو گئے جنہیں کوہاٹ اور پشاور کے ہسپتالوں میں داخل کرادیاگیا ہے۔
تھانہ کینٹ میں میر زاعلی خان ولد حسین غلام سکنہ کاغزئی کی مدعیت میں درج رپورٹ میں پولیس کوبتایا گیا ہے کہ ملزمان مجاہد ولد تاج گل،زاہد ولد شاہ نواز،اسفندیار ولد طور گل اور امشید ولد رسول خان نے سابقہ چپقلش کی بنا ء پر سامنا ہونے پر فائرنگ کرکے انکے دو بیٹوں سمیت پانچ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے تاہم مخالف فریق کے افراد کی فائرنگ سے طور گل اسکا بیٹا اسفند یار اور رشتہ دارامشید بھی زخمی ہوئے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری فی الفور جائے واقعہ پر پہنچ گئی جہاں سے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرکے زخمی دو نامزد ملزمان اسفند یار اور امشید کو حراست میں لے لیا گیا۔
دریں اثناء فائرنگ کا دوسرا واقعہ بچوں کی لڑائی پر کوہاٹ سٹی کے علاقہ ڈھیری بانڈہ میں پیش آیا جہاں مبینہ ملزمان ریاض الدین،جلال الدین،نظام الدین اور اکرام الدین پسران نجم الدین ساکنان ڈھیہری بانڈہ نے لاٹھیوں کے وار اور اسلحہ آتشیں سے فائرنگ کرکے اورکزئی کے رہائشی باپ بیٹے 50سالہ سعود بادشاہ ولد صلی بادشاہ اور اسکے بیٹے 18سالہ حشمت خان ساکنان حال ڈھیری بانڈہ کو موت کی نیند سلا دیا جبکہ واقعے میں رحمت علی ولد سعود بادشاہ سکنہ اورکزئی حال ڈھیری بانڈہ زخمی ہوگیا۔
واردات کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس نے مقتول سعود بادشاہ کے بیٹے محمد نواز کی مدعیت میں قتل واقدام قتل کے اس واقعے کا مقدمہ تھانہ سٹی میں نامزد ملزمان چار بھائیوں ریاض الدین،جلال الدین،نظام الدین،اور اکرام الدین پسران نجم الدین کے خلاف درج کرتے ہوئے انکی تلاش شروع کردی ہے۔
پولیس تھانہ سٹی میں درج رپورٹ کے مطابق مقتول اور ملزمان فریق کے چھوٹے بچوں کے مابین لڑائی ہوئی تھی جسکا گلہ کرنے کیلئے مقتول فریق ملزمان کے گھر پہنچے تو تکرار کے بعد فریقین میں لڑائی ہوئی اور بات فائرنگ تک جاپہنچی جسکے نتیجے میں باپ بیٹے کے قتل اور تیسرے بیٹے کے زخمی ہونے کا واقعہ رونماہوا۔