کشمور:کشمور میں 4 سالہ بچی اور ماں کے ساتھ زیادتی کے الزام میں گرفتار ایک ملزم کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ایڈیشنل سیشن جج کشمور کی عدالت نے معصوم بچی اور اس کی ماں سے اجتماعی زیادتی کے ملزم کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم جاری کیا۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پولیس نے 4 سالہ بچی اور ماں کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کر کے بچی کو بازیاب کرایا تھا۔دونوں ماں بیٹی کو ایک ہفتہ قبل نوکری کا چھانسہ دیکر کراچی سے کشمور لایا گیا تھا جہاں متاثرہ خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد خیراللہ بگٹی نامی شخص کو فروخت کر دیا گیا جب کہ 4 سالہ بچی گینگ کے دیگر دو ملزمان کی تحویل میں رہی۔
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوانین موجود ہونے کے باوجود وحشیانہ سوچ کے حامل افراد ہمارے معاشرے اور بچوں کو تباہ کر رہے ہیں۔
شیریں مزاری نے کہا کہ اطلاع ملی ہے کہ ایک ملزم رفیق ملک کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے تاہم خیر اللہ بگٹی سمیت دو ملزمان تاحال فرار ہیں، حکومت سندھ کو ان قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانا چاہیے۔
مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اس بات کی تصدیق کی کہ زیادتی کیس کا مرکزی ملزم گرفتار ہو چکا ہے۔