پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں سگے بھائی سمیت 4افراد قتل ہوگئے۔
تھانہ مچنی گیٹ کے علاقہ شاد خان قلعہ میں بھائی نے لڑائی جھگڑوں کے تنگ آکر نشئی بھائی کو فائرنگ کر کے قتل کردیا ملزم واردات کے بعد موقع سے فرارہوگیا پولیس نے مقدمہ در ج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔
پولیس کے مطابق سجان اللہ ولدمحمد علی سکنہ شاد خان قلعہ نے رپورٹ درج کرائی اس کا بیٹا بہار علی جو عرصہ درازسے مختلف نشے کرتا تھا گزشتہ روز جھگڑے کے دوران دوسرے بیٹے اختر علی نے فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا
تھانہ خان رازق شہید کے علاقہ شاہ ولی قتال میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 55 سالہ شخص کو ابدی نیند سلادیا پولیس کے مطابق گزشتہ روز 55سالہ امجدحسین ولد علی محمد سکنہ کوتوالی اپنی دکان واقع شاہ ولی قتال میں موجود تھاکہ اس دوران نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا مجروح کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
تھانہ فقیر آباد کے علاقہ سردار کالونی میں مکان کے تنازعہ پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا پولیس کے مطابق اسماعیل ولد نواب خان نے رپورٹ درج کرائی گزشتہ روز اس کا والد گھر کے باہر موجود تھاکہ اس دوران یوسف،عسکر پسران حضرت علی اور رحمت اللہ ولد رحمت علی ساکنان سردار کالونی نے مکان کے تنازعہ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔