بچوں سے بدفعلی کرکے ویڈیو ڈارک ویب پر ڈالنے والے ملزم کو سزائے موت کا حکم 

راولپنڈی:راولپنڈی کی مقامی عدالت نے بچوں سے بدفعلی کر کے ڈارک ویب پر ویڈیو دکھانے والے ملزم سہیل ایاز کو سزائے موت کا حکم دیدیا۔

 بدھ کو ملزم سہیل ایاز کو سینٹرل جیل اڈیالہ سے پولیس کی کڑی نگرانی میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہانگیر علی گوندل کی عدالت میں لایا گیا۔

عدالت نے استغاثہ کی جانب سے سہیل ایاز کے خلاف 3 مقدمات میں عائد الزامات درست ثابت ہونے پر دفعہ 367 اے کے تحت تین مرتبہ سزائے موت کی سزا سنا دی۔

ملزم کو ضابطہ فوجدرای کی دفعہ 377 کا جرم ثابت ہونے پر الگ، الگ تین مرتبہ عمر قید کی سزا اور مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے جرمانے کی ادائیگی کا حکم بھی سنایا گیا۔

سہیل ایاز کو منشیات کے مقدمے میں ساڑھے 5 سال قید اور 25 ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی۔

عدالت نے سہیل ایاز کے ساتھی ملزم خرم عرف کالو کو 7 سال قید کی سزا کا حکم دیا۔فیصلے کے بعد ملزم سہیل ایاز کو پولیس کی سخت نگرانی میں اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں راولپنڈی پولیس نے بچوں سے بدفعلی کر کے ان کی ویڈیو بنانے کے الزام میں سہیل ایاز کو بھی گرفتار کیا تھا۔