پارا چنار:خیبر پختونخوا کے علاقے پارا چنار میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں مکان کی چھت گرنے سے 8افراد جاں بحق جبکہ 30سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
حادثہ پارا چنار میں سرحدی علاقے پیواڑ میں پیش آیا۔ حادثے کا شکار ہونے والے گھر میں شادی کی تقریب چل رہی تھی اور بہت سے افراد موجود تھے۔
امدادی ٹیموں کے مطابق گرنے والے مکان کی چھت کچی اور بوسیدہ تھی۔اس افسوسناک حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 30زخمی ہو گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیموں کے کارکن جائے حادثہ پر پہنچے اور ایمبولینس کے ذریعے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بھی امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور پرائیوٹ گاڑیوں میں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق حادثے میں اب تک 8 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کو تمام ممکنہ طبی سہولیات دی جا رہی ہیں۔