پشاور:پشاور ہائی کورٹ نے مشال قتل کیس کے مجرم عمران کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا۔
ہائی کورٹ نے مشال قتل کیس میں مجرموں کی اپیلوں کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم عمران کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا تاہم باقی ملزمان کی سزا کو برقرار رکھا ہے۔
عدالت نے عمر قید کی سزا پانے والے عارف کونسلر اور اسد ضیا سمیت 7 مجرموں کی سزاکو برقرار رکھا۔
پشاور ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہا 25 ملزمان کی ضمانت مسترد کرتے ہوئے انہیں کمرہ عدالت سے گرفتار کرنے کا حکم دے دیا اور ان کی تین سال کی سزا کو برقرار رکھا۔
13 اپریل 2017 کو عبد الولی خان یونیورسٹی مردان میں 23 سالہ طالب علم مشال خان کو مشتعل ہجوم نے توہین مذہب کا الزام لگا کر قتل کر دیا تھا۔
مشال خان قتل کیس میں مجموعی طور پر 61 ملزموں کو گرفتار کیا گیا تھا جن میں مرکزی ملزم عمران کو 2 بار سزائے موت، 7 ملزمان کو عمرقید جب کہ 25 ملزمان کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔