پشاورمیں لاپتہ8سالہ بچی قتل، سفاک ملزموں نے لاش جلادی، عوام کا شدید احتجاج

پشاور: پشاور کے نواحی علاقہ بڈھ بیر بالو خیل سے لاپتہ ہونیوالی 8 سالہ معصوم بچی کوسفاک قاتلوں نے بیدردی کیساتھ قتل کرکے نعش کو آگ لگادی۔

 پولیس نے جھلسی ہوئی نعش برآمد کرکے پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی

دلخراش واقعہ کیخلاف اہل علاقہ مشتعل ہوگئے اورتھانہ بڈھ بیر کا گھیراؤ کرتے ہوئے کوہاٹ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بلاک کرکے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کئی گھنٹوں تک دھرنا دیا جس کے باعث ٹریفک نظام شدید متاثرہوا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس حکام بھاری نفری کے ہمراہ موقع پرپہنچ گئے جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مختلف زاؤیوں پر تفتیش شروع کردی۔

پولیس حکام کے مطابق بدھ کو دوپہر 3بجے کے قریب 8سالہ لیہ دختر معراج ساکن بالو خیل چیزیں خریدنے باہر گئی تھی جس کے بعد واپس نہیں آئی تو والدین او رشتہ داروں نے ہر ممکن تلاش کیا لیکن اس کا کوئی پتہ نہ چل سکا جس کے بعد انہوں نے مقامی پولیس سٹیشن تھانہ بڈھ بیر میں بچی کی گمشدگی کا روزنامچہ درج کروایا۔

 پولیس کے مطابق روزنامچہ رپورٹ کے بعد انہوں نے بھی بچی کی تلاش کیلئے کوششیں شروع کیں تاہم جمعرات کے روز مقامی قبرستان سے بچی کی جلی ہوئی نعش برآمد ہوئی جسے نامعلوم افراد نے آتش گیر مواد ڈال کر جلادیا تھا۔

 پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے ہیں اس کے علاوہ مقتولہ کا پوسٹمارٹم بھی کردیا ہے جس کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد تمام حقائق سامنے آجائیں گے۔

 دوسری جانب مشتعل لواحقین نے کوہاٹ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بلاک کر کئی گھنٹوں تک دھرنا دیامین شاہراہ کی بندش سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں جس کے باعث کراچی اور دیگر جنوبی اضلاع جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مظاہرین نے تھانے کے سامنے ٹائر جلا کر حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔

 انسپکٹر جنرل آ ف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے بڈھ بیر کے علاقہ بالو خیل میں معصوم بچی کو قتل کرنے اورجلانے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او پشاور اور ایس ایس پی آپریشنز سے رپورٹ طلب کرلی جبکہ مقتولہ بچی کے والد کیساتھ ٹیلیفونگ رابطہ کرکے انہیں قاتلوں کی جلد ازجلد گرفتاری اورکیفر کردار تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔

ترجمان کے مطابق آئی جی پی نے سی سی پی او محمد علی گنڈاپور کو واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ معصوم جانوں سے کھیلنے والے افراد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔


چیف کیپٹل پولیس آفیسر پشاور محمد علی گنڈاپور نے بڈھ بیر سے 8سالہ بچی کی جلی ہوئی نعش کی برآمد کا نوٹس سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) انوسٹی گیشن کی سربراہی میں سپیشل تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی جنہیں لیہ کے قتل میں ملوث ملزمان کا جلد از جلد سراغ لگانے کیلئے کیس کا مختلف پہلوؤں اور باریک بینی سے تفتیش کرنے کا ٹاسک حوالے کیا گیا ہے۔