لاہور میں سی ٹی ڈی تھانے پر دہشت گرد حملےکی کوشش ناکام،حملہ آور ہلاک

لاہور میں برکی روڈ پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) تھانے پر دہشت گرد حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گرد نے برکی روڈ پر سی ٹی ڈی تھانے میں گھسنے کی کوشش کی اور ساتھ میں سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد نے تھانے میں گھس کر فائرنگ کی تاہم سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے 2 ہینڈ گرینیڈ، ایک خودکش جیکٹ اورپستول بھی  برآمد ہوا ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے خودکش جیکٹ کو ناکارہ بنادیا ہے،جبکہ دہشت گرد کی لاش کو میو اسپتال کے مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کا ٹارگٹ تھانہ ہی تھا تاہم معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں،جلد نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا جائے گا۔

دوسری جانب لاہورمیں دہشت گردی کامنصوبہ ناکام بنانے کے بعد داخلی وخارجی راستوں کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔